کاروبار کیجئے/عبداللہ بن زبیر
قسط نمبر: 6
سرمایہ نہیں تو کیا کرنا چاہئے؟
بہت سے لوگ کاروبار کی آرزو رکھتے ہیں لیکن سرمایہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ پریشان رہتے ہیں ، گذشتہ قسط میں کچھ آئیڈیاز دئیے گئے تھے اس ہسے خاطر خواہ فائدہ ہوا ہوگا یہاں ایک اور بات قابل ذکر ہے کہ سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اگر کچھ تعلیم ہو تو کوئی ہنر سیکھ کر بہتر روزگار کمایا جا سکتا ہے
کئی ایسے کام ہیں جو چند ماہ میں سیکھے جا سکتے ہیں ، جیسے گرافک ڈیزائننگ، کمپوزنگ ، پرنٹنگ ، پینٹنگ وغیرہ ، یہ ایسے کام ہیں جس سے باآسانی روزگار مل جاتا ہے، اور سرمایہ ہونے پہ انویسٹمنٹ کی جا سکتی ہے
کاروبار میں جذبہ اور شوق لازمی ہے اس کے بعد تین چیزوں میں سے کسی ایک کی ضرورت ہوگی
1) سرمایہ
2) تجربہ
3) ہنر
سرمایہ ہوتو بزنس ، تجربہ ہو تو کامیاب کاروبار اور ہنر ہو تو بہترین ملازمت آپ کا کیرئیر ہے، اس سے ہی آپ کا مستقبل تعمیر ہوگا۔
اگر اتفاق سے یہ تینوں فی الحال نہیں ہیں تو سب سے پہلے ہنر سیکھئے ، جس طرف شوق ہو اس کام میں کمال پیدا کیجئے ، جو ہنر آجائے پھر کسی بڑے شہر میں اس کام کو ذریعۂ روزگار بنائیے ، اچھی جگہ تجربہ کیجئے اور بعد ازاں سرمایہ کاری آجائے تو اسی کو اپنا کاروبار بنا لیجئے گا۔
یاد رکھئے ! ہنر اور تجربہ گھر بیٹھے نہیں آئے گا ، اس کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی ، ہزاروں قسم کے شعبے ہیں جنہیں سیکھ کر رزق حلال کمایا جا سکتا ہے۔
بروقت صحیح فیصلہ
اکثر لوگ شکوہ کرتے نظر آتے ہیں کہ محنت تو بہت کی مگر اس کے خاطر خواہ نتائج نہیں نکلے، سارا سرمایہ ڈوب گیا ، کچھ فائدہ نہ ہوا
اس ناکامی کی وجہ محنت کی کمی نہیں بلکہ نا تجربہ کاری ، کاروباری پوائنٹ کا غلط انتخاب ، بے جا سرمایہ کاری اور غیر منافع بخش بزنس پہ اندھا دھند پیسہ لگانا ہے، نیز اسی طرح کاروباری لوازمات کا پورا نہ کرنا اس میں شامل ہے ، جیسے بک سٹال کو فیکٹری ایریا میں کھول لینا ، کریانہ کی شاپ لوہا مارکیٹ میں چلانے کی کوشش کرنا ، ٹریول ایجنسیز کے درمیان کلاتھ ہاؤس ، جیولرز کی مارکیٹ میں سموسوں کی دوکان تو یہ کاروبار ہر گز کامیاب نہیں ہوتے ، اس پہ چاہے آپ لاکھوں روپے لگا لیں ، کیونکہ محنت کا صلہ بروقت اور موقع محل کے مطابق فیصلہ کرنے میں ہے ، اگر یہ ٹھیک نہ ہو تو قسمت کو دوش دینا سراسر زیادتی ہوگی۔
کون سا کاروبار ؟
کاروبار بہت سے ہیں ، اکثر لوگوں نے فون پہ رابطہ کرکے یہ پوچھا کہ میں کون سا کاروبار کروں ؟
دیکھیں ! یہ ایک بہت مشکل سوال ہے ، جب تک آپ کے ذہنی رجحان ، طبعی کیفیات ، مالی پوزیشن ، گھریلو عوامل ، تجربہ/ ہنر ، تعلیمی صورت حال ، خاندانی پس منظر اور موجودہ گزر بسر کا پتہ نہیں چل جاتا تب تک یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ آپ کون سا کاروبار کریں ؟
لیکن یہاں پہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ یہ فیصلہ بہر حال آپ ہی کو کرنا ہوگا کہ کون سا کاروبار آپ کے لئے بہتر ہے اور کون سا نہیں ؟
اس لئے اپنے ذہنی رجحان کے مطابق مندرجہ بالا تمام سوالات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیجئے گا ، جس پہ آپ کو مکمل اطمینان ہو۔
پارٹنر کا انتخاب
سرمایہ لگا کر منافع کا حصول ہر ایک کا خواب ہے لیکن یاد رکھئے دنیا میں آپ کو 0.1 فیصد لوگ ایسے ملیں گے جو آپ کے سرمائے کو آپ ہی کی طرح تحفظ دیں گے ، یاد رکھئے کامیاب کاروبار وہی ہے جو آپ کی پہنچ میں ہے ، اگر آپ کا کوئی دوست / رشتہ دار بزنس میں دلچسپی رکھتا ہے تو ضروری نہیں کہ آپ اسے پارٹنر بنائیں ، اکثر ایسے کاروبار فلاپ ہوجاتے ہیں جس میں دوستوں کی پارٹنر شپ ہو ، اور کاروباری نقصان کے ساتھ ساتھ تعلق بھی جاتا رہتا ہے ، اس لئے زیادہ منافع کے حصول کے لئے افرادی قوت کو ساتھ ملانا بھی پڑ جائے تو پارٹنر کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیجئے گا۔
کامیاب سرمایہ کاری
اگر آپ کے پاس وسیع سرمایہ کاری ہو تو کچھ کام ایسے ہیں جن پہ سرمایہ لگا کر ماہانہ لاکھوں روپے کمائے جا سکتے ہیں ، اور اس کام کے لئے آپ کو ابتدا میں کچھ ذرائع اور بااختیار لوگ تلاش کرنا کرنا پڑتے ہیں ، تھوڑی پلاننگ اور پھر کام چل پڑتا ہے ، کچھ ملازم اور گھر بیٹھے آرام ، آپ کو اس طرح کے کاموں میں زیادہ ذہنی دباؤ کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑتا ، آپ باؤنڈ بھی نہیں ہوتے اور آپ کا سرمایہ بڑھتا رہتا ہے ۔چونکہ اس کے لئے کروڑوں کی انویسٹمنٹ چاہئے اس لئے اس پورشن پہ زیادہ تفصیلات انفرادی طور پہ ملاقات میں زیر بحث آسکتی ہیں ، یہاں ذکر کرنا مناسب نہیں ۔
( برائے مہربانی اگر پوسٹ اچھی لگے تو اپنی ٹائم لائن پر شئیر کر دیجئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں )

Published On: July 15th, 2021 / Categories: Blog /

Subscribe To Receive The Latest News

Subscribe our newsletter to get latest news right in your inbox.

Thank you for your message. It has been sent.
There was an error trying to send your message. Please try again later.

Add notice about your Privacy Policy here.