کاروبار کیجئے
قسط نمبر: 38
تحریر : عبداللہ بن زبیر
(اس آرٹیکل کو پڑھنے سے پہلے قسط نمبر 64 پڑھ لیجئے )
مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ انڈسٹری نے کاروبار کو نیا رنگ و روپ دے دیا ہے ، جس کی وجہ سے بزنس میں انقلاب آچکا ہے ، ملٹی لیول سے لوکل تک یہ انڈسٹری ہر کاروبار کی ضرورت ہے۔۔ اگرچہ بزنس مین اپنی ضرورت کے مطابق اس انڈسٹری سے کام لیتا ہے لیکن بہرحال یہ انڈسٹری مارکیٹ پہ اپنی چھاپ قائم کرچکی ہے، اگر یوں کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ آج کے دور میں اس انڈسٹری کی معاونت کے بغیر کاروباری تصور محال ہے۔
ایک بات سمجھ لیجئے
اس سے پہلے کہ مارکیٹنگ کمپنی کا سٹرکچر زیربحث لایا جائے ایک بات سمجھ لیجئے ، بنیادی طور پہ یہ انڈسٹری سروسز کی بنیاد پہ کھڑی ہے اور یہی سروسز ہی اس کی ” پروڈکٹس ” ہیں ، کاروبار کی مختلف جہتوں کو سمجھنے کے بعد یہ انڈسٹری کاروبار کی پروموشن میں ممد ومعاون ثابت ہوتی ہے، یہ انڈسٹری ایک خاص ٹیلنٹ اور محنت سے جڑی ہوئی ہے اگر یہ دو چیزیں معرض وجود میں آجائیں تو انہیں ایک مخصوص زاویہ کے ساتھ مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کمپنی کےسانچے میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ اس لئے کمپنی کو قائم کرنے سے پہلے سٹاف کے متعلق سوچنا ہوگا اور مارکیٹنگ کمپنی کے لئے درکار سٹاف بہت ہی مشکل سے ملتا ہے۔۔
کمپنی کیسے قائم ہوگی ؟
بنیادی طور پہ مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کمپنی قائم کرنا کچھ مشکل نہیں ، آسان سا رجسٹریشن پراسس ہے اور اس کے بعد پروجیکٹس کے لئے کوششیں۔ ایک اچھا سا نام سوچئے ، لوگو ( علامتی نشان ) بنوائیے کمپنی کے نام کا لیٹر پیڈ تیار کیجئے جس پہ آفس کا ایڈریس فون نمبر ای میل ایڈریس اور لوگو ہو، پھر دو اشخاص کے اوریجنل آئی – ڈی کارڈ کے ہمراہ کسی رجسٹرڈ وکیل کے پاس چلے جائیں اور رجسٹریشن کے لئے اپلائی کردیں ، کمپنی کے قیام کے لئے 3 یا 7 یا 11 افراد کا ہونا ضروری ہے ، آپ اپنی شریک حیات کو بھی بطور پارٹنر یا بطور ڈائریکٹر شامل کر سکتے ہیں، وکیل آپ کو اس بارے میں مکمل آگاہی دے گا، نیز اس میں آپ اپنی مرضی کی پالیسی بھی بنا سکتے ہیں ، آپ جتنے افراد کو کمپنی میں شامل کر رہے ہوں گے ان میں سے ہر ایک کا الگ الگ NTN بنے گا اور ایک ماہ کے اندر کمپنی کی رجسٹریشن مکمل ہوجائے گی۔۔اسی دوران آپ اپنا آفس بنا سکتے ہیں ، فرنیچر اور دیگر تمام لوازمات پورے کرنا ہوں گے ، جب تک رجسٹریشن نہ ہو سائن بورڈ وغیرہ مت بنوائیں بسا اوقات نام کا مسئلہ بن جاتا ہے اگر پہلے سے اس نام کی کوئی رجسٹرڈ کمپنی ہو تو آپ کو نام بدلنا پڑتا ہے۔ اس لئے تین نام ذہن میں رکھئے کوئی ایک لازمی رجسٹرڈ ہو جائے گا۔
کمپنی کا بنیادی ڈھانچہ
کمپنی رجسٹرڈ کروانے کے بعد آپ سب سے پہلے کمپنی کے نام کا بینک اکاونٹ کھولیں اور سرمایہ جس قدر آپ کے پاس ہو اسے اپنے اکاونٹ میں رکھ دیں اور پھر آفس بیٹھ جائیں۔۔
کتنے افراد درکار ہوں گے ؟
مارکیٹنگ کمپنی کے لئے ابتدائی طور پہ آپ کو افراد رکھنے کی ضرورت نہیں ، فوری طور پہ آپ مختلف کام مارکیٹ سے کرواسکتے ہیں ، مثلا گرافکس کاکام پریس مارکیٹ سے ہوجائے گا ، ویڈیو ایڈیٹنگ کے لئے بھی آپ کو مارکیٹ سے بندہ مل سکتا ہے ، ڈیزائننگ اور پرنٹنگ بھی ہوجائے گی لیکن جب آپ کاکام چل پڑے تو آپ کو 20 سے زائد افراد کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
کون سے شعبے روزگار کماسکیں گے؟
یہ کمپنی ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے جہاں پہ کئی افراد کام آسکتے ہیں اور اس سے متعدد قسم کی فیلڈ سے وابستہ لوگوں کو روزگار مل سکتا ہے کیونکہ یہ ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے ، کمپوزر سے لے کر ڈیزائنر تک ، ویڈیو ایڈیٹر ہو کورل ایکسپرٹ ہو یا اینی میٹر اس سے وابستہ ہو سکے گا۔سلائیڈ میکر سے گرافکس کا کام جاننے والے تک اس سسٹم سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
آفس ورکر آفس سنبھالے گا ، مینیجر کام کو دیکھ رہا ہوگا ، شارپ مائنڈ بندہ پریزینٹ کرے گا ، مارکیٹنگ کا تجربہ رکھنے والا گاہک تلاش کرے گا ، ڈیزائنر ایڈ بنائے گا ، کونٹینٹ رائٹر الفاظ کو سانچے میں ڈھالے گا، پریس میکر اسے شیٹ پہ اتارے گا ، آئرن ویلڈر بورڈ کا سانچہ دے گا اور لیبر ورکر اسے بورڈ پہ چپکائے گا۔۔ بچے بطور ماڈل رول پلے کر سکتے ہیں ، بوڑھے لوگ امپریشنر بن سکتے ہیں ، گھروں کو سٹوڈیو بنایا جا سکتا ہے ، کھیتوں کھلیانوں کو تھیم میں ڈالا جا سکتا ہے اور ۔۔۔ اور ۔۔۔ المختصر کسی نہ کسی چوکھٹے میں ہر ایک کے لئے روزگار کی کوئی نہ کوئی صورت ہے۔
کسٹمرز کون ہوں گے ؟
کسی بھی کاروبار کے لئے کسٹمرز کی ویلیو انتہائی اہم ہے ، مارکیٹنگ اور اشتہارات ایک ایسی صنعت ہے جس کی ضرورت ہر فیلڈ کو ہے ، ریڑھی بان سے فائیو سٹار ہوٹل کے مالک تک ہر ایک کسٹمرز مانگتا ہے اور کسٹمرز کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے اسے اہداف تک رسائی دینے کے لئے درمانی کردار ” اشتہار اور مارکیٹنگ ” ہے ، اس صنعت مین ہر کمپنی کو آپ کی ضرورت ہے ، ہر ادارہ آپ کا کسٹمر ہے ، ہر دوکان کو آپ کی خدمات چاہئے ۔۔ اس سلسلے میں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔
اخراجات کتنے ہوں گے ؟
سارا سسٹم سمجھنے کے بعد ذہن میں ایک ہی سوال ابھرتا ہے کہ اس کے لئے سرمایہ کتنا درکار ہوگا ؟ مختصرا بتادوں کہ یہ دس ملین تک کی گیم ہے لیکن ابتدائی طور پر تین سے چار ملین سے کام چل سکتا ہے۔۔
اب میں کیا کروں ؟
عام طور پہ اخراجات کا سن کر انسان کے حواس پہ اندھیرا چھا جاتا ہے کہ میرے پاس سرمایہ ہی نہیں تو میں کیسے کروں گا ؟ تو محترم گھبرانے کی ضرورت نہیں جن شعبوں کی خدمات درکار ہیں انہیں اپنا پارٹنر بنا لیجئے اور سب مل کر تھوڑا تھوڑا سرمایہ جمع کیجئے ان شاء اللہ آپ اہداف حاصل کرلیں گے ۔۔یقین مانئے اگر آج میرے پاس 4 ملین آجائیں تو میں سب سے پہلے یہی کام کروں ۔۔ لیکن اگر آپ کرنا چاہتے ہیں تو قدم قدم پہ رہنمائی کے لئے تیار ہوں بس ارادہ کیجئے اور منزل کی جانب قدم بڑھائیے ہمت ہوئی تو قدرت ساتھ دے گی ان شاء اللہ ۔۔
( جاری ہے )

Published On: July 15th, 2021 / Categories: Blog /

Subscribe To Receive The Latest News

Subscribe our newsletter to get latest news right in your inbox.

Thank you for your message. It has been sent.
There was an error trying to send your message. Please try again later.

Add notice about your Privacy Policy here.